پاکستان کے دو نوجوان، سلمان حبیب اور حسن چوہدری، نے فوربس کی معروف فہرست ’30 انڈر 30 یونائیٹڈ اسٹیٹس 2026‘ میں جگہ بنا کر ملک کا نام روشن کر دیا ہے۔ اس فہرست میں امریکا کے 600 ابھرتے ہوئے نوجوان کاروباری اور پیشہ ور افراد شامل ہیں جو مختلف شعبوں میں غیر معمولی کارکردگی دکھا رہے ہیں۔
سلمان حبیب کو ’ٹرانسپورٹیشن اینڈ ایرو اسپیس‘ کیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے۔ وہ ڈیلیوری ٹیکنالوجی کمپنی برَق کے شریک بانی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیں، جو کاروباری اداروں کو بغیر اپنی ڈیلیوری انفراسٹرکچر بنائے، ڈیلیوری سروس فراہم کرنے کی سہولت دیتی ہے۔ برَق نے امریکا کے 4,000 سے زائد شہروں میں 500 سے زیادہ ڈیلیوری سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں کو ایک نیٹ ورک میں جوڑ دیا ہے، جس میں اوبر اور ڈور ڈیش جیسی کمپنیاں بھی شامل ہیں۔ کمپنی نے اب تک سرمایہ کاروں سے ایک کروڑ ڈالر سے زائد سرمایہ حاصل کیا ہے اور البرٹسنز، سیف وے اور کروگر جیسے بڑے گروسری ادارے اس کے صارفین میں شامل ہیں۔
دوسری جانب حسن چوہدری کو ’وینچر کیپیٹل‘ کیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے۔ وہ بلیک راک پرائیویٹ ایکویٹی پارٹنرز میں وائس پریذیڈنٹ کے طور پر کام کر رہے ہیں اور گروتھ ایکویٹی سرمایہ کاری کی قیادت کر رہے ہیں۔ حسن چوہدری نے 2023 میں پاکستان سے امریکا واپسی کے بعد بلیک راک کے گروتھ ایکویٹی پلیٹ فارم کے آغاز میں اہم کردار ادا کیا اور گزشتہ دو برس میں 800 ملین ڈالر سے زائد سرمایہ کاری کی۔ ان کے کریئر میں تین کامیاب بزنس ایگزٹس شامل ہیں اور انہوں نے Groq اور Applied Intuition جیسی بڑی کمپنیوں میں اہم سرمایہ کاری کی ہے۔
فوربس کے مطابق یہ نوجوان مصنوعی ذہانت، روبوٹکس اور جدید سافٹ ویئر ٹولز میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں اور نئی دنیا کی تعمیر میں پیش پیش ہیں۔









