قومی ایتھلیٹ ارشد ندیم نے کراچی میں جاری 35 ویں نیشنل گیمز میں جیولن تھرو ایونٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈل اپنے نام کر لیا۔ انہوں نے 81۔81 میٹر تھرو کے ساتھ سب سے آگے رہتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ مقابلے میں واپڈا کے یاسر سلطان نے 70۔77 میٹر تھرو کے ساتھ سلور میڈل جیتا جبکہ پاکستان آرمی کے ابرار علی نے 67۔68 میٹر تھرو کے ساتھ برانز میڈل حاصل کیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اولمپک چیمپین ارشد ندیم نے کہا کہ نیشنل گیمز نوجوان پلیئرز کے لیے اہم ایونٹ ہیں اور انہی گیمز سے پاکستان کو آئندہ کے ایتھلیٹس ملیں گے۔ ارشد ندیم نے بتایا کہ ہر ایونٹ میں مقابلے کے مطابق تھرو کرتے ہیں اور وہ انجری سے مکمل صحت یاب ہو چکے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نگاہیں اگلے اولمپک میں گولڈ میڈل جیتنے پر ہیں اور اس دوران دیگر پلیئرز کو بھی گائیڈ کرتے رہے۔ ارشد ندیم نے اپنی کامیابی میں سلمان بٹ کی کوچنگ کو سب سے اہم قرار دیا۔









