پاکستان کے لیجنڈ فاسٹ بولر وسیم اکرم کا ریکارڈ توڑنے کے باوجود آسٹریلیا کے فاسٹ بولر مچل اسٹارک نے کہا ہے کہ وہ اب بھی وسیم اکرم کو دنیا کے بہترین لیفٹ آرم فاسٹ بولر سمجھتے ہیں۔
گزشتہ روز ایشز کے دوسرے ٹیسٹ کے پہلے روز انگلینڈ کے خلاف اسٹارک نے وسیم اکرم کا 414 وکٹیں لینے کا ریکارڈ توڑا اور سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے لیفٹ آرم فاسٹ بولر بن گئے۔
پریس کانفرنس میں اسٹارک نے کہا، "میں خود کو لیفٹ آرم گریٹسٹ بولر آف آل ٹائم نہیں سمجھتا، وسیم اکرم اب بھی مجھ سے بہتر بولر ہیں اور لیفٹ آرم بولرز میں سب سے اوپر ہیں۔"
انہوں نے مزید کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ ان کا نام وسیم اکرم جیسے عظیم بولر کے ساتھ لیا جا رہا ہے، لیکن وہ صرف اپنی پرفارمنس سے وکٹیں لینے کی کوشش کر رہے ہیں۔
وسیم اکرم نے بھی سوشل میڈیا پر اسٹارک کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا، "آپ بہت محنتی بولر ہیں اور مجھے خوشی ہے کہ آپ نے میرا ریکارڈ توڑا، اسی طرح پرفارم کرتے رہیں۔"
واضح رہے کہ ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے فاسٹ بولر کا اعزاز انگلینڈ کے سابق بولر جیمز اینڈرسن کے پاس ہے، جنہوں نے 188 میچز میں 704 وکٹیں حاصل کیں۔









