بھارتی ریاست بہار کے ضلع بودھ گیا میں شادی کی تقریب اس وقت میدانِ جنگ بن گئی جب کھانے میں رس گلے کم پڑنے پر دلہا اور دلہن کے خاندانوں میں جھگڑا شروع ہو گیا۔ اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق شادی کی ابتدائی رسومات مکمل ہونے کے بعد دلہا اور دلہن منڈپ کی جانب جا رہے تھے کہ کھانے کے دوران میٹھے میں رس گلے کم ہونے پر دونوں خاندانوں میں تلخ کلامی ہو گئی، جو دیکھتے ہی دیکھتے ہاتھا پائی میں بدل گئی۔
یہ واقعہ اس ہوٹل میں پیش آیا جہاں دلہن کا خاندان مقیم تھا۔ ہوٹل میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں نے پورا منظر ریکارڈ کر لیا، جس کی فوٹیج منظرِ عام پر آنے کے بعد صارفین حیرت اور طنز کے ملے جلے ردعمل دے رہے ہیں۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دلہا اور دلہن کے اہلِ خانہ ایک دوسرے پر کرسیاں اور برتن پھینک رہے ہیں، جبکہ کچھ افراد دھکے اور گھونسے مارتے بھی دکھائی دے رہے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ 29 نومبر کو پیش آیا۔ جھگڑے کے بعد دلہن کے خاندان نے دلہا کے گھر والوں کے خلاف جہیز کے مطالبے کا مقدمہ بھی درج کروا دیا ہے۔
سوشل میڈیا پر صارفین نے واقعے کو "بہار کا سب سے انوکھا شادی جھگڑا" قرار دیتے ہوئے طنزیہ تبصرے کیے ہیں، جب کہ کئی لوگوں نے کہا کہ "رس گلے کے بہانے دونوں خاندانوں کی اصل کشیدگی سامنے آ گئی۔"









