33

نوجوان نے مصنوعی ذہانت کی مدد سے آن لائن فراڈ بے نقاب کر دیا، نوسرباز معافی مانگنے پر مجبور، مگر کیسے؟

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں ایک نوجوان نے سوشل میڈیا پر ہونے والی دھوکہ دہی کو نہ صرف بے نقاب کیا بلکہ جدید اے آئی ٹول کی مدد سے نوسرباز کو معافی مانگنے پر بھی مجبور کر دیا۔ نوجوان کی جانب سے شیئر کی گئی یہ کہانی بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سوشل ویب سائٹ ’ریڈاٹ‘ پر وائرل ہو گئی۔

واقعہ اُس وقت شروع ہوا جب نوجوان کو فیس بک پر اپنے کالج کے سینئر کے نام سے ایک پیغام موصول ہوا۔ پیغام بھیجنے والا خود کو آئی اے ایس افسر ظاہر کرتے ہوئے دعویٰ کر رہا تھا کہ اس کا دوست مہنگے برانڈز کے الیکٹرانکس اور فرنیچر نہایت کم قیمت پر فروخت کر رہا ہے۔

نوجوان کو شک اس لیے ہوا کہ اس کے پاس اپنے اصل سینئر کا ذاتی نمبر پہلے سے موجود تھا۔ اس نے فوری رابطہ کرکے پیغام کی حقیقت معلوم کی اور جعل سازی کی تصدیق ہونے پر فراڈ کو بے نقاب کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

اسی روز نوجوان کو ایک اور نمبر سے پیغام ملا جس کے اکاؤنٹ پر ایک فوجی کی تصویر لگی ہوئی تھی۔ اس نوسرباز نے ادائیگی کے لیے ایک کیو آر کوڈ بھیجا، تاہم نوجوان نے تکنیکی خرابی کا بہانہ بنا کر وقت حاصل کیا اور چیٹ جی پی ٹی کی مدد سے ایک سادہ ویب پیج تیار کیا، جو وزٹر کی جغرافیائی لوکیشن اور فرنٹ کیمرے سے تصویر محفوظ کرنے کی صلاحیت رکھتا تھا۔

نوجوان نے یہ لنک نوسرباز کو بھیجا اور کہا کہ ادائیگی کے لیے کیو آر کوڈ اسی ویب پیج پر اپ لوڈ کرے۔ لالچ میں آ کر نوسرباز نے لنک کھولا، جس کے بعد ویب پیج نے اس کی درست جی پی ایس لوکیشن، آئی پی ایڈریس اور چہرے کی واضح تصویر ریکارڈ کر لی۔

بعدازاں نوجوان نے یہی معلومات اور تصویر نوسرباز کو بھیجتے ہوئے اسے دھوکہ دہی ترک کرنے اور فوری معافی مانگنے پر مجبور کر دیا۔ واقعے کے منظرعام پر آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے نوجوان کی ذہانت کو سراہا، جبکہ آن لائن فراڈ کے بڑھتے واقعات کے پیش نظر محتاط رہنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔