118

پاکستان اور ایران مال بردار ٹرین بحال کرنے پر متفق: ریلوے کے ریونیو اور ملکی معیشت کے لیے فائدہ مند ہوگا

پاکستان اور ایران نے مال بردار آئی ٹی آئی (اسلام آباد–تہران–استنبول) ٹرین کو دوبارہ بحال کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ یہ فیصلہ پاکستانی وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی اور ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم کی ملاقات میں طے پایا، جس میں ایرانی کمرشل کونسلر محترمہ کمالی مقدم بھی شریک ہوئیں۔

ملاقات میں دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، باہمی تجارت کو فروغ دینے اور درآمدات و برآمدات بڑھانے پر بات ہوئی۔ وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا کہ تجارت میں اضافہ ریلوے کے ریونیو اور ملکی معیشت کے لیے فائدہ مند ہوگا اور وزیرِ اعظم کے وژن کے مطابق علاقائی روابط کو ریلوے کے ذریعے مستحکم کرنا اولین ترجیح ہے۔

ایرانی سفیر نے وزیرِ ریلوے کو ایران کے سرکاری دورے کی دعوت دی، جس پر محمد حنیف عباسی نے کہا کہ ایران میں زیارات کے ساتھ ساتھ ایرانی ریلوے نظام کا جائزہ لینا بھی ایجنڈے میں شامل ہوگا۔