63

سانحہ نیپا چورنگی: بچے کے والد کا دل دہلا دینے والا بیان، خود گٹروں کے ڈھکن لگانے کا اعلان

کراچی کی نیپا چورنگی کے قریب کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہونے والے 3 سالہ ابراہیم کے والد کا دل سوز بیان سامنے آ گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا سے بات کرتے ہوئے وہ زار و قطار روتے رہے اور سوال اٹھایا کہ “میں کس کو کیا کہوں؟ میرا بچہ تو چلا گیا… ان کیخلاف کارروائی کون کرے گا؟”

انہوں نے غم سے لبریز آواز میں کہا کہ اگر حکومت گٹروں کے ڈھکن نہیں لگا سکتی تو وہ خود یہ کام کریں گے تاکہ کسی اور گھر کا چراغ نہ بجھے۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی:
“میرا نمبر لکھ لیں، اگر آپ کے گھر کے آگے مین ہول کھلا ہے تو مجھے فون کریں، میں ڈھکن لگوا دوں گا۔ ڈیپارٹمنٹل اسٹورز کے سامنے بھی ڈھکن خود لگواؤں گا۔”

یاد رہے کہ اتوار کے روز کھلے مین ہول میں گرنے والا 3 سالہ ابراہیم 14 گھنٹے بعد ایک کلومیٹر دور نالے سے مردہ حالت میں ملا تھا۔
سانحہ نے شہریوں میں غم و غصے کی نئی لہر دوڑا دی اور شہر میں گٹروں کے کھلے ڈھکنوں کا سنگین مسئلہ ایک بار پھر نمایاں ہو گیا ہے۔