83

صدارتی ایوارڈ یافتہ شہنائی نواز استاد عبداللہ انتقال کرگئے

جامشورو میں برصغیر کے نامور شہنائی نواز اور صدارتی ایوارڈ یافتہ فنکار استاد عبداللہ 72 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق استاد عبداللہ طویل عرصے سے پھیپھڑوں کے امراض اور دمے میں مبتلا تھے۔

اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ مرحوم کی نمازِ جنازہ آج کوٹری میں ادا کی جائے گی، جبکہ تدفین آبائی قبرستان سید بڈھل شاہ میں کی جائے گی۔

استاد عبداللہ شہنائی کے ایسے معتبر نام تھے جنہوں نے پاکستان کے ساتھ ساتھ بھارت اور بنگلادیش میں بھی اپنی فنی مہارت کا لوہا منوایا۔
انہوں نے کئی دہائیوں تک قومی و بین الاقوامی ثقافتی میلوں میں شہنائی بجا کر بے شمار داد سمیٹی۔

سندھی موسیقی کو نئی جہت دینے میں بھی استاد عبداللہ کا کردار انتہائی اہم رہا، ان کی فنی خدمات کے اعتراف میں حکومتِ پاکستان نے انہیں صدارتی ایوارڈ سے نوازا تھا۔