105

2026 میں عالمی سطح پر کون سے اہم واقعات رونما ہوں گے؟

ماہرین کے مطابق 2026 میں دنیا کئی حوالوں سے تاریخی سال ثابت ہو سکتا ہے۔ عالمی درجہ حرارت مزید بڑھنے کا امکان ہے اور موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے عالمی مذاکرات میں نئے سنگ میل طے ہوں گے۔ اپریل میں کولمبیا کی فوسل فیول ختم کرنے کی کانفرنس اس سلسلے کی اہم کڑی ہوگی۔

کھیلوں کے میدان میں 2026 فیفا ورلڈ کپ سب سے بڑا ٹورنامنٹ ہوگا، جس میں پہلی بار 48 ممالک تین میزبان ممالک—امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو—میں حصہ لیں گے۔ فرانس کی ٹیم کائلان ایمباپے کی قیادت میں مضبوط دعویدار سمجھی جا رہی ہے، جبکہ کرسٹیانو رونالڈو اپنا آخری ورلڈ کپ کھیلیں گے۔

سیاست کے محاذ پر مشرق وسطیٰ میں اسرائیل اور حماس کے درمیان امریکی دباؤ پر جنگ بندی کا عمل جاری رہنے کا امکان ہے، اور اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نتن یاہو انتخابات کے دوران عسکری اور سفارتی توازن برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے۔ امریکی مڈ ٹرم انتخابات بھی عالمی اور ملکی سیاست پر اثر ڈالیں گے۔

خلائی دوڑ میں 2026 تاریخی سال بن سکتا ہے، ناسا کا آرٹیمس 2 مشن اپریل میں چاند پر انسانی مشن کے لیے روانہ ہوگا، جبکہ چین چانگ ای 7 مشن کے ذریعے چاند کے جنوبی قطب کی تحقیق شروع کرے گا۔ بھارت بھی اپنے پہلے خلاباز کو مدار میں بھیجنے کی تیاری کر رہا ہے۔

ماہرین کے مطابق چاند مستقبل میں مریخ تک پہنچنے کی دوڑ کا بنیادی پڑاؤ بنے گا، جہاں توانائی، رہائش، مواصلاتی اسٹیشن اور خلائی ٹیکنالوجی کے تجربات کی بنیاد رکھی جائے گی۔