ضلع کچہری میں جوا ایپس کی غیر قانونی پروموشن کے مقدمے میں بڑی پیشرفت سامنے آئی ہے۔ جوڈیشل مجسٹریٹ نعیم وٹو نے سماعت کے دوران یوٹیوبر سعد الرحمان عرف ڈکی بھائی اور ان کی اہلیہ عروب جتوئی کو عدالت میں پیش طلب کیا۔
عدالت نے ڈکی بھائی کے شریک ملزم سبحان کی بریت کی درخواست خارج کر دی اور کیس کی مزید سماعت 17 دسمبر تک ملتوی کر دی۔ آئندہ سماعت پر ملزمان کو فردِ جرم کے لیے دوبارہ طلب کیا گیا ہے۔
ڈکی بھائی نے عدالت میں بتایا کہ سبحان نے گرفتاری سے تین ماہ قبل مجھے جوائن کیا اور ایک لاکھ روپے تنخواہ پر میرے ساتھ کام کر رہا ہے، لہٰذا اس کا کیس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
عدالت نے استفسار کیا کہ عروب جتوئی کی قبل از گرفتاری ضمانت ہو چکی ہے؟ وکیل نے تصدیق کی کہ عروب جتوئی کی ضمانت منظور ہو چکی ہے۔
ڈکی بھائی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ انہوں نے سپرداری کی درخواست دی ہے، جس میں الیکٹرانک ڈیوائسز اور موبائلز این سی سی آئی اے کے حوالے ہیں، اور چار کریڈٹ کارڈز اور رقم بھی واپس مانگی گئی ہے۔
واضح رہے کہ اس مقدمے میں ڈکی بھائی دو روز قبل ضمانت پر رہا ہوئے تھے، اور ملزمان کے خلاف این سی سی آئی اے نے مقدمہ درج کیا ہے۔









