86

خیبر پختونخوا فوڈ اتھارٹی کی کاروائی: ہری پور میں جعلی دودھ کے نیٹ ورک کا پردہ فاش، 3 ملزمان گرفتار

خیبر پختونخوا فوڈ اتھارٹی نے حطار انڈسٹریل زون میں رات گئے کارروائی کرتے ہوئے ایک ملک گیر جعلی اور مضر صحت دودھ تیار کرنے والے نیٹ ورک کو بے نقاب کر دیا۔ کارروائی کے دوران فیکٹری سیل کر دی گئی اور 3 ملزمان گرفتار کر لیے گئے، جبکہ بھاری مقدار میں کیمیکلز، خام مال، مشینری اور دودھ سے بھرے ٹینکرز بھی قبضے میں لے لیے گئے۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی واصف سعید نے بتایا کہ ملزمان کا تعلق پنجاب کے ضلع بہاول نگر سے ہے اور یہ مصنوعی دودھ پنجاب، خیبر پختونخوا، اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت دیگر شہروں میں سپلائی کرتے تھے۔ یہ فیکٹری روزانہ تقریباً ایک لاکھ لیٹر مصنوعی دودھ تیار کرتی تھی، جو انسانی صحت کے لیے شدید نقصان دہ ہے۔

تمام ٹینکرز موقع پر تلف کر دیے گئے جبکہ مشینری سرکاری تحویل میں لے لی گئی۔ ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ واصف سعید نے ہری پور فوڈ اتھارٹی کی ضلعی ٹیم کو غفلت برتنے پر معطل کرنے کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ صوبے بھر میں غذائی دہشت گردوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔