113

جرمنی میں دنیا کے سب سے پستہ قد گھوڑے کا نیا عالمی ریکارڈ

جرمنی میں موجود ایک تھراپی گھوڑا ’’پیومکل‘‘ اپنی غیر معمولی کم قامت جسامت کے باعث دنیا بھر کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔ گینیز ورلڈ ریکارڈز نے پیومکل کو دنیا کے سب سے پستہ قد گھوڑے کا خطاب دے دیا ہے، جس کی باقاعدہ پیمائش 21.1 انچ ریکارڈ کی گئی۔

پیومکل کی مالکن کیرولا ویڈمن کے مطابق وہ اس چھوٹے سے گھوڑے کو 2020 میں صرف پانچ ماہ کی عمر میں گود لے کر لائی تھیں، اُس وقت اس کا قد محض 18 انچ تھا۔ کیرولا کا کہنا ہے کہ جب وہ اسے پہلی بار دیکھنے پہنچیں تو حیران رہ گئیں کیونکہ انہوں نے زندگی میں اتنا چھوٹا گھوڑا کبھی نہیں دیکھا تھا۔

گینیز ورلڈ ریکارڈز کی ٹیم نے پیومکل کے قد کی تصدیق کے بعد اے باضابطہ طور پر دنیا کے سب سے کم قد والے گھوڑے کا اعزاز دے دیا۔ پیومکل سابق ریکارڈ ہولڈر گھوڑے سے ڈیڑھ انچ چھوٹا ہے، جس کے باعث نیا ریکارڈ قائم ہوا۔

پیومکل نہ صرف اپنی جسامت کے باعث منفرد ہے بلکہ اسے تھراپی گھوڑے کے طور پر بھی استعمال کیا جاتا ہے، جہاں یہ بچوں اور مریضوں کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیرتا ہے۔ دنیا کے سب سے پستہ قد گھوڑے کا نیا ریکارڈ قائم ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر بھی پیومکل کی تصاویر اور ویڈیوز تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔