چین نے تائیوان کے معاملے میں مداخلت کرنے والی غیر ملکی طاقتوں کو خبردار کرتے ہوئے سخت پیغام دے دیا۔
تائیوان کے قریب جاپانی میزائل یونٹ کی تنصیب پر ردعمل دیتے ہوئے چین نے خبردار کیا کہ وہ تائیوان کے معاملے میں کسی بھی غیر ملکی مداخلت کو کچل دے گا۔
چین کے تائیوان امور کے ترجمان پینگ قینگن نے ایک معمول کی پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ہمارا عزم مضبوط ہے، ہمارا عزم پختہ ہے اور ہمارے پاس اپنے قومی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کا دفاع کرنے کی بھرپور صلاحیت ہے، ہم تمام غیر ملکی مداخلتوں کو کچل دیں گے۔
پینگ قینگن نے مزید کہا کہ جاپان کا تائیوان کے قریب جارحانہ ہتھیاروں کی تعیناتی انتہائی خطرناک ہے جو جان بوجھ کر علاقائی تناؤ پیدا کرتی ہے اور فوجی تصادم کو اُکساتا ہے۔
واضح رہے کہ چین تائیوان کو اپنا حصہ قرار دیتا ہے اور اس پر قابو پانے کیلئے طاقت کے استعمال کو مسترد نہیں کرتا۔
دوسری طرف، تائیوان کی حکومت چین کے خود مختاری کے دعوے کو مسترد کرتی ہے اور کہتی ہے کہ صرف تائیوان کے عوام ہی اپنے مستقبل کا فیصلہ کر سکتے ہیں۔









