44

گوگل اسسٹنٹ مارچ 2026 میں ریٹائر ہو جائے گا

یہ اب واضح ہو گیا ہے کہ گوگل اسسٹنٹ کا دور باقاعدہ طور پر اپنے اختتام کی طرف بڑھ رہا ہے۔ کمپنی کی جانب سے پہلے ہی اعلان کیا جا چکا تھا کہ اے آئی چیٹ بوٹ جیمنائی اینڈرائیڈ ڈیوائسز پر گوگل اسسٹنٹ کی جگہ لے گا، مگر اب پہلی بار اس کے ریٹائرمنٹ کا وقت بھی سامنے آ گیا ہے۔

اینڈرائیڈ اتھارٹی کے مطابق گوگل کے اینڈرائیڈ آٹو سپورٹ فورم پر لگائے گئے ایک بینر میسج میں بتایا گیا ہے کہ گوگل اسسٹنٹ صرف مارچ 2026 تک دستیاب رہے گا۔ ہاں، تاریخ کا ذکر نہیں کیا گیا، یعنی مارچ 2026 کے کس دن اسے بند کیا جائے گا، یہ ابھی راز ہے۔

یہ فیصلہ حیران کن نہیں، کیونکہ گوگل نے پکسل 9 میں پہلے ہی جیمنائی کو ڈیفالٹ ورچوئل اسسٹنٹ بنا کر اشارہ دے دیا تھا کہ مستقبل کی سمت بدل رہی ہے۔ کمپنی تیزی سے جیمنائی کو مختلف ایپس اور سروسز کے ساتھ جوڑ رہی ہے تاکہ صارفین کو نئے سسٹم میں آنے میں رکاوٹ محسوس نہ ہو۔

گوگل نے 2025 کے آغاز میں اعلان کیا تھا کہ اسسٹنٹ کو مرحلہ وار ختم کیا جائے گا، اور سال کے آخر تک زیادہ تر اینڈرائیڈ فونز اور ایپ اسٹورز میں گوگل اسسٹنٹ تک رسائی محدود یا ختم ہو جائے گی۔

کمپنی کا مؤقف ہے کہ اسسٹنٹ کو بند کرنے سے پہلے جیمنائی کو زیادہ سے زیادہ مضبوط، فیچر رچ اور قابلِ بھروسہ بنایا جائے گا، تاکہ پرانے صارفین کو کوئی کمی محسوس نہ ہو۔