ایک نئی تحقیق کے مطابق کچن میں عام استعمال ہونے والا سیاہ زیرہ ایسے اجزاء رکھتا ہے جو جسم میں چربی کم کرنے خراب کولیسٹرول گھٹانے اور دل کی بیماریوں کے خطرات کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
اوساکا میٹروپولیٹن یونیورسٹی کی جانب سے کیے گئے کلینیکل ٹرائل میں یہ دیکھا گیا کہ وہ افراد جنہوں نے مسلسل آٹھ ہفتوں تک روزانہ سیاہ زیرے کا استعمال جاری رکھا ان میں ’خراب کولیسٹرول‘ ایل ڈی ایل کم ہوگیا جبکہ ’اچھا کولیسٹرول‘ ایچ ڈی ایل نمایاں طور پر بڑھ گیا۔
تحقیق کے شرکاء نے روزانہ پانچ گرام سیاہ زیرے کا پاؤڈر یعنی تقریباً ایک چائے کا چمچ استعمال کیا۔ اس مدت کے دوران ماہرین مسلسل ان کے خون میں کولیسٹرول کی سطح کا جائزہ لیتے رہے۔
نتائج سے یہ بات سامنے آئی کہ سیاہ زیرہ نہ صرف نقصان دہ چربی کم کرتا ہے بلکہ مفید کولیسٹرول میں اضافہ کرکے دل اور خون کی نالیوں کو بہتر صحت فراہم کرتا ہے۔ واضح رہے کہ ایل ڈی ایل کی زیادہ مقدار شریانوں میں رکاوٹ پیدا کر سکتی ہے جس سے دل کے امراض اور فالج کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔









