بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار دھرمیندر89سال کی عمر میں چل بسے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق معروف اداکار گزشتہ کچھ عرصے سے علیل تھے، پیر کو انہوں نے ممبئی کے بریچ کینڈی ہسپتال میں آخری سانسیں لیں۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہےکہ دھرمیندرا کو دو ہفتے قبل سانس لینے میں دشواری کے باعث ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جب کہ رواں سال اپریل میں ان کی آنکھ کی سرجری بھی ہوئی تھی۔
دھرمیندرسنگھ دیول 1935کو بھارتی پنجاب میں پیدا ہوئے، انہوں نے متعدد بلاک بسٹر فلموں سمیت 306فلموں میں کام کیا۔
رپورٹس کے مطابق دھرمیندر نے آخری بار اپنی اداکاری کے جوہر فلم 'اکیس' میں دکھائے جو 25 دسمبر کو ریلیز ہونے والی ہے۔ واضح رہے کہ دھرمیندر نے اپنے کیریئر کا آغاز 1960 میں فلم 'دل بھی تیرا ہم بھی تیرے' سے کیا تھا۔
انہیں 2012 میں حکومت ہند کی جانب سے ہندوستان کے تیسرے سب سے بڑے شہری اعزاز پدم بھوشن سے نوازا گیا تھا۔
فلمساز کرن جوہر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ’’ مین سٹریم سینما کے ہیرومیگاسٹار کا دور ختم ہوا۔دھرمیندر بھارتی سینما کے حقیقی لیجنڈ ہیں اور ہمیشہ رہیں گے‘‘۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دھرمیندر کی اہلیہ ہیمامالنی اور ایشادیول شمشان گھاٹ پہنچ گئے،امیتابھ بچن، ابھیشک بچن، عامر خان بھی شمشان گھاٹ پہنچ گئے۔









