101

برآمدات کے فروغ کے لیے اہم فیصلہ: ایکسپورٹ ڈیولپمنٹ سرچارج فوری ختم کرنے کے احکامات جاری

وزیراعظم شہباز شریف نے برآمدات کے فروغ کے لیے ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے ایکسپورٹ ڈیولپمنٹ سرچارج فوری ختم کرنے کی ہدایت دے دی۔

اجلاس میں وزیراعظم نے کہا کہ ایکسپورٹ ڈیویلپمنٹ فنڈ کے پچھلے پانچ سال کے پروگرامز اور اسکیمز کا عالمی معیار کے مطابق تھرڈ پارٹی آڈٹ کروایا جائے، تاکہ فنڈ کا شفاف اور مؤثر استعمال یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اس رقم کو صرف ملکی برآمدات بڑھانے، متعلقہ ریسرچ و ڈویلپمنٹ، برآمدی شعبے کے افرادی قوت کی تربیت اور عالمی معیار کی سہولتوں کے قیام کے لیے استعمال کیا جائے۔

شہباز شریف نے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (TDAP) کے کردار کا اصلاحاتی جائزہ لینے اور اسے تشکیل نو کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایکسپورٹ ڈیویلپمنٹ فنڈ کا غیر متعلقہ یا غیر منطقی استعمال کسی صورت قابل قبول نہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ دنیا بھر میں پاکستان کی برآمدات کی تشہیر وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے اور صنعت کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ اجلاس میں وفاقی وزراء، SIFC کے چیئرمین اور دیگر متعلقہ سرکاری اہلکار بھی شریک تھے، جنہیں فوری اقدامات کے لیے ہدایات جاری کی گئی ہیں۔