ایک نئی تحقیق میں معلوم ہوا ہے کہ رات کے وقت پستے کھانا آنتوں کی صحت، سوزش میں کمی اور قوتِ مدافعت میں بہتری کے لیے انتہائی فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے۔
امریکا میں ہونے والی تحقیق میں 51 بالغ افراد شامل تھے، جس کے نتائج سے پتہ چلا کہ رات کے وقت پستے کھانے سے آنتوں کے مائیکروبائیوم (یعنی آنتوں میں بسنے والے جرثومے) پر مثبت اثر پڑتا ہے۔ تاہم یہ فائدہ صرف پری ڈائیبیٹیز کے شکار افراد میں دیکھا گیا۔
جرنل Current Developments in Nutrition میں شائع ہونے والی تحقیق میں سائنسدانوں نے بتایا کہ اگر رات کو ٹوسٹ یا دیگر کاربوہائیڈریٹ والی غذا کی بجائے پستے کھائے جائیں تو آنتوں میں مفید جرثوموں کی نشوونما بڑھتی ہے اور مائیکروبائیوم صحت مند سمت میں تبدیل ہوتا ہے۔
مزید برآں، 2023 میں جرنل Foods میں شائع ایک اور تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ پستے دیگر خشک میووں کے مقابلے میں آنتوں میں فائدہ مند بیکٹیریا کی تعداد بڑھانے میں زیادہ مؤثر ہیں۔
ماہرین کے مطابق، ان شواہد کی بنیاد پر رات کے اسنیک کے طور پر پستے ایک بہترین اور صحت مند انتخاب ہیں۔









