39

سوشل میڈیا پر نفرت انگیز بیانیہ روکنے کے لیے 12 کروڑ 49 لاکھ روپے کا میڈیا تھنک ٹینک بنانے کی منظوری

سیکرٹری محکمہ داخلہ پنجاب احمد جاوید قاضی نے ملک دشمن، بنیاد پرست اور نفرت انگیز بیانیے کو روکنے کے لیے میڈیاتھنک ٹینک منصوبے کی انتظامی منظوری دے دی۔ اس منصوبے کی کل لاگت 12 کروڑ 49 لاکھ روپے رکھی گئی ہے اور اسے 24 ماہ میں مکمل کیا جائے گا۔

منصوبے کے تحت محکمہ داخلہ پنجاب مین اسٹریم میڈیا، ڈیجیٹل میڈیا اور سوشل میڈیا کی 24 گھنٹے نگرانی کرے گا۔ جعلی خبریں، اشتعال انگیز مواد اور شدت پسندانہ بیانیہ فوری طور پر شناخت کیا جائے گا اور اس پر فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

فیک نیوز کی تجزیاتی رپورٹس مرتب کی جائیں گی جبکہ ففتھ جنریشن تھریٹس کے خاتمے کے لیے ایکس، فیس بک، یوٹیوب، ٹک ٹاک اور انسٹاگرام سمیت دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر سخت مانیٹرنگ کی جائے گی۔

یہ منصوبہ انتشار اور شدت پسندی کے خلاف پنجاب حکومت کی مؤثر حکمت عملی کے طور پر پیش کیا گیا ہے، جس کا مقصد ملک میں سوشل میڈیا پر پھیلنے والے نقصان دہ مواد کو قابو میں لانا ہے۔