94

پاکستان میں سونا سستا، عالمی مارکیٹ میں تیزی

کراچی: ملک میں کاروباری ہفتے کے چوتھے روز سونے کی قیمتوں میں بڑی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ صرافہ بازار ایسوسی ایشن کے مطابق جمعرات کے روز فی تولہ سونا 5 ہزار روپے سستا ہو کر 4 لاکھ 26 ہزار 562 روپے کا ہوگیا۔

اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 4 ہزار 286 روپے کی نمایاں کمی آئی ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 3 لاکھ 65 ہزار 708 روپے مقرر کی گئی ہے۔

معاشی ماہرین کے مطابق پاکستان میں سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا بنیادی سبب عالمی منڈی میں طلب کا بڑھنا اور روپے کی قدر میں مسلسل کمی ہے۔ بین الاقوامی سطح پر جیو پولیٹیکل تناؤ، کساد بازاری کے خدشات اور مرکزی بینکوں کی جانب سے سونا ذخیرہ کرنے میں اضافے نے بھی قیمتوں کو اوپر کی جانب دھکیلا ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ امریکی فیڈرل ریزرو کی جانب سے شرح سود میں ممکنہ کمی کی توقعات نے بھی عالمی مارکیٹ میں سونے کو مضبوط سہارا دیا ہے۔

دوسری جانب عالمی مالیاتی ادارے مورگن اسٹینلی نے اپنی رپورٹ میں پیش گوئی کی ہے کہ آنے والے سالوں میں سونے کی قیمتیں تاریخی بلندیوں کو چھو سکتی ہیں، جس سے عالمی مارکیٹ میں مزید تیزی کے امکانات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔