45

طاقتور اے آئی ماڈل جیمنائی 3 متعارف: اے آئی سرچ انٹرفیس میں دستیاب

گوگل نے اپنے جدید ترین آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ماڈل جیمنائی 3 کو صارفین کے لیے متعارف کروا دیا ہے۔ یہ ماڈل جیمنائی ایپ اور گوگل کے اے آئی سرچ انٹرفیس میں دستیاب ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ سال جیمنائی 2.5 کو جاری کیا گیا تھا، اور اب اس سے بھی زیادہ جدید اور طاقتور ماڈل صارفین کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔ گوگل نے بتایا ہے کہ جیمنائی 3 میں منطقی سوچ اور استدلال کی صلاحیت میں نمایاں بہتری کی گئی ہے، اور یہ ماڈل انتہائی باریک اور گہرے انداز میں ردعمل ظاہر کر سکتا ہے۔

جیمنائی 3 کے بیسک ماڈل کے ساتھ جیمنائی 3 ڈیپ تھنک بھی جاری کیا گیا ہے، جو تحقیق اور تجزیے میں زیادہ معاونت فراہم کرے گا اور گوگل اے آئی الٹرا سبسکرائبرز کے لیے آئندہ ہفتوں میں دستیاب ہوگا۔

گوگل کے مطابق جیمنائی ایپ کے ماہانہ صارفین کی تعداد 65 کروڑ سے زائد ہو چکی ہے۔ اس کے علاوہ، گوگل نے پاور کوڈنگ انٹرفیس گوگل اینٹی گریویٹی بھی متعارف کرایا ہے، جو ملٹی ایجنٹک کوڈنگ کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس میں چیٹ جی پی ٹی طرز کی پروموٹ ونڈو اور براؤزر ونڈو شامل ہیں، جو صارفین کو براؤزر اور کوڈ ایڈیٹر کے ساتھ کام کر کے بہترین ایپس تیار کرنے میں مدد دیتی ہیں۔

یہ اقدام گوگل اور اوپن اے آئی کے درمیان جاری جدید اے آئی مقابلے میں ایک اور قدم کے طور پر سامنے آیا ہے، جس میں صارفین کو مزید طاقتور اور ذہین ٹولز فراہم کیے جا رہے ہیں۔