77

بالی ووڈ اسٹارز کا نام ڈرگ اسکینڈل میں شامل؛ نورا فتیحی نے الزامات مسترد کر دیے

بھارتی فلم انڈسٹری کی معروف شخصیات نورا فتیحی، شردھا کپور اور سدھارتھ کپور سمیت متعدد اداکار ایک بار پھر تنازع کا شکار ہو گئے ہیں، جب ممبئی پولیس کے اینٹی نارکوٹکس سیل نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے نام انڈرورلڈ ڈان داؤد ابراہیم سے منسلک مبینہ بین الاقوامی ڈرگ نیٹ ورک کی تحقیقات کے دوران سامنے آئے ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اینٹی نارکوٹکس سیل نے حالیہ چھاپوں اور تفتیش کے دوران انکشاف کیا ہے کہ یہ نیٹ ورک سلیم ڈولا نامی شخص چلا رہا تھا، جبکہ اس کے بیٹے طاہر ڈولا نے اہم بیانات دے کر تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق سلیم ڈولا مبینہ طور پر ملک اور بیرونِ ملک ایسی ڈرگ پارٹیاں منعقد کرتا تھا جن میں داؤد ابراہیم کی بھانجی علیشاہ پارکر اور فیشن و فلم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی معروف شخصیات شرکت کرتی تھیں۔

طاہر ڈولا، جسے بیرونِ ملک سے گرفتار کرکے رواں سال اگست میں بھارت لایا گیا تھا، نے تفتیش میں مبینہ طور پر اعتراف کیا ہے کہ ان محفلوں میں اداکار، ماڈلز، ریپرز اور فلم ساز بھی شامل ہوتے تھے۔ تفتیشی حکام کے مطابق شردھا کپور، نورا فتیحی اور سدھارتھ کپور سمیت کئی بالی ووڈ نام ان بیانات میں سامنے آئے ہیں۔

الزامات کے جواب میں، نورا فتیحی نے انسٹاگرام پر وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایسی پارٹیوں میں شرکت نہیں کرتیں اور ان رپورٹس کو "بے بنیاد اور جھوٹ" قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ مسلسل کام اور سفر میں مصروف رہتی ہیں، اس لیے ان کا ان سرگرمیوں یا افراد سے کسی قسم کا تعلق نہیں۔ نورا فتیحی نے کہا کہ یہ پہلی بار نہیں کہ ان کی شہرت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی ہو، مگر اس مرتبہ وہ خاموش نہیں رہیں گی۔

تحقیقات جاری ہیں اور پولیس نے مزید بیانات اور شواہد جمع کرنے کا عمل تیز کر دیا ہے۔