امریکا نے ایک بڑے کریک ڈاؤن میں 200 بھارتی شہریوں کو بھارت ڈی پورٹ کر دیا ہے، جن میں بدنامِ زمانہ گینگسٹر انمول بشنوئی، پنجاب میں مطلوب دو فرار ملزمان اور 197 غیر قانونی طور پر مقیم افراد شامل ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق انمول بشنوئی، گینگ لیڈر لارنس بشنوئی کا چھوٹا بھائی ہے، جس پر بھارت میں متعدد سنگین مقدمات درج ہیں، جن میں سابق بھارتی وزیر بابا صدیق کے قتل اور سلمان خان کے گھر پر فائرنگ شامل ہیں۔ انمول نے اپریل 2022 میں جعلی پاسپورٹ کے ذریعے ملک سے فرار ہو کر امریکا اور کینیڈا کے درمیان جعلی دستاویزات پر سفر کیا۔
امریکی حکام نے گزشتہ سال کیلیفورنیا میں انمول بشنوئی کو پکڑ کر الیکٹرانک اینکل مانیٹر کے تحت نگرانی میں رکھا، اور اب اسے لویزیانا سے ڈی پورٹ کر دیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بابا صدیق کے خاندان نے امریکی حکام کے سامنے قانونی درخواست دائر کی تھی، اور انمول کی ملک بدری کے بعد ان کے اہل خانہ نے بھارتی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ دہلی پہنچتے ہی اسے گرفتار کیا جائے۔









