پاکستان کی معروف اداکارہ ماہرہ خان نے اپنی نئی فلم کی پروموشن کے دوران سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید پر روشنی ڈالی۔ اُنہوں نے بتایا کہ کس طرح معمولی باتیں بھی غلط مفہوم کے ساتھ پیش کی جاتی ہیں۔
ماہرہ خان نے ایک واقعہ یاد کرتے ہوئے کہا: "میں نے ایک بار کہا تھا کہ میری نانی کہتی تھیں سلیو لیس نہ پہنو۔ اب جب بھی میں سلیو لیس تصویر پوسٹ کرتی ہوں تو لوگ فوراً کمنٹ کرتے ہیں کہ نانی کو بھول گئی؟"
اداکارہ نے کہا کہ اُن کے یہ جملے نہ کسی کے خلاف تھے اور نہ ہی کسی بیانیہ کے لیے تھے، لیکن سوشل میڈیا کے کچھ حلقوں نے انہیں تنقید کا ذریعہ بنا لیا۔
ماہرہ خان نے مزید کہا کہ اب وہ اپنی گفتگو میں زیادہ محتاط ہیں، سوالات سے بچتی ہیں اور الفاظ کو سوچ سمجھ کر چنتی ہیں تاکہ کسی بھی بات کو غلط انداز میں پیش نہ کیا جا سکے۔
اداکارہ نے بتایا کہ وہ اپنی نجی زندگی اور خاندان سے متعلق موضوعات پر بھی اب زیادہ محتاط ہو گئی ہیں، تاکہ کسی کے لیے اُن کے الفاظ کو غلط مطلب دینے کا موقع باقی نہ رہے۔









