65

ملک بھر میں چینی کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ

ملک کے مختلف شہروں میں چینی کی قیمتوں میں اُتار چڑھاؤ، کئی مقامات پر نمایاں اضافہ

ملک بھر میں چینی کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جبکہ کچھ علاقوں میں معمولی کمی بھی ریکارڈ کی گئی ہے۔ مختلف شہروں میں ہول سیل اور ریٹیل نرخوں میں واضح فرق برقرار ہے۔

حیدرآباد

حیدرآباد میں گزشتہ دو روز کے دوران ہول سیل مارکیٹ میں چینی کی فی کلو قیمت 2 روپے بڑھ گئی، جس کے بعد نرخ 178 روپے سے بڑھ کر 180 روپے فی کلو ہوگئے۔
ریٹیل مارکیٹ میں چینی کی قیمت 185 روپے سے بڑھ کر 190 روپے فی کلو ہوگئی، یعنی 5 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

فیصل آباد

فیصل آباد میں بھی چینی مسلسل مہنگی ہو رہی ہے۔ ہول سیل میں پچاس کلو کی بوری 10 ہزار روپے تک جا پہنچی ہے۔
شہر کے مختلف علاقوں میں دکاندار 190 سے 200 روپے فی کلو میں چینی فروخت کر رہے ہیں۔
انتظامیہ کے مطابق چینی کی سرکاری قیمت 179 روپے فی کلو مقرر ہے، جو مارکیٹ میں نظر نہیں آ رہی۔

کوئٹہ

کوئٹہ میں چینی کی قیمتوں میں بڑا اضافہ دیکھا گیا ہے۔
ہول سیل مارکیٹ میں چینی 205 روپے فی کلو جبکہ ریٹیل میں 210 سے 215 روپے فی کلو کے درمیان فروخت ہو رہی ہے۔
گزشتہ ہفتے چینی 190 روپے فی کلو دستیاب تھی، جبکہ 50 کلو کا تھیلا 10,100 روپے تک پہنچ گیا ہے۔

ملتان

ملتان میں پرچون سطح پر چینی تاحال مہنگی ہے۔ چند روز کے دوران چینی کی فی کلو قیمت میں 10 سے 15 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔
سرکاری نرخ 172 روپے فی کلو ہیں، جبکہ مارکیٹ میں چینی 180 سے 190 روپے فی کلو فروخت کی جا رہی ہے۔
غلہ منڈی میں 50 کلو کا تھیلا 8,650 روپے میں دستیاب ہے۔

پشاور

پشاور واحد بڑا شہر ہے جہاں چینی کی قیمت میں کمی آئی ہے۔
ڈیلرز کے مطابق ریٹیل میں فی کلو چینی 180 روپے میں فروخت ہو رہی ہے، جو دو روز قبل 184 روپے تھی۔