94

پاکستان باسمتی رائس پر حقوق میں کامیاب، نیوزی لینڈ عدالت نے بھارت کا کیس خارج کر دیا

اسلام آباد: پاکستان کو باسمتی چاول کے عالمی تنازع میں بڑی قانونی کامیابی حاصل ہوئی ہے، کیونکہ نیوزی لینڈ کی ہائی کورٹ نے بھارت کی اپیل مسترد کر دی ہے۔ اس فیصلے کے بعد پاکستان باسمتی رائس کی برآمدات میں اپنے حقوق مضبوطی سے برقرار رکھے گا۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ باسمتی لفظ ایک مخصوص چاول کی قسم کی وضاحت کرتا ہے نہ کہ صرف بھارت کی جغرافیائی پراڈکٹ ہے۔ نیوزی لینڈ کے صارفین باسمتی کو صرف بھارتی چاول سے منسلک نہیں کرتے، اس لیے بھارت کو اس پر خصوصی حقوق دینے سے پاکستانی باسمتی برآمد کنندگان کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

پاکستانی تاجروں اور حکومت کے مطابق، یہ فیصلہ عالمی مارکیٹ میں پاکستان کے باسمتی برآمدات کے لیے خوش آئند ہے اور اس سے پاکستانی کسانوں اور تاجروں کو خاطر خواہ فائدہ ہوگا۔ دوسری جانب، بھارت کے حکام نے اس فیصلے پر مکمل طور پر اتفاق نہیں کیا اور کہا کہ وہ باسمتی کے حقوق کے تحفظ کے لیے قانونی راستے جاری رکھیں گے۔

یہ کیس بین الاقوامی سطح پر باسمتی رائس کے ٹریڈ مارک کے تنازع میں اہم سنگ میل سمجھا جا رہا ہے اور پاکستان کے لیے یہ فیصلہ تجارتی اعتبار سے ایک بڑی کامیابی ہے۔