59

اسلام آباد کچہری خودکش حملے کا اہم سہولت کار گرفتار، تحقیقات میں پیش رفت

اسلام آباد کچہری خودکش حملے کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جس کے دوران ایک اور اہم سہولت کار کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق گرفتار ملزم نے خودکش حملہ آور کو سہولت فراہم کی تھی۔ انٹیلیجنس اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے اُس درزی کو بھی حراست میں لیا ہے جس نے حملے کے لیے تیار کی جانے والی جیکٹ پر کام کیا تھا۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق خودکش جیکٹ پشاور میں تیار کی گئی اور اس کے لیے بارودی مواد بھی وہیں پہنچایا گیا۔ گرفتار سہولت کار نے جیکٹ کو گڑ کی بوری میں چھپا کر پشاور سے اسلام آباد تک منتقل کیا اور تین دن تک ایک درخت کے نیچے رکھ کر محفوظ کیا۔

بعد ازاں جیکٹ کچھ دن تک ایک ٹیلر کے پاس بھی رہی، اور ذرائع کے مطابق ٹیلر کو معلوم تھا کہ یہ جیکٹ خودکش حملے میں استعمال ہوگی۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ مرکزی سہولت کار کی گرفتاری کے بعد اس سے کی جانے والی تفتیش میں مزید اہم انکشافات متوقع ہیں۔ گرفتار ملزم نے فتنۃ الخوارج سے رابطوں کا اعتراف بھی کیا ہے، جس سے تحقیقات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔