152

شدید گرمی سے بچاؤ کے لیے ’ٹھنڈا احرام‘ متعارف

شدید گرمی کے موسم میں آنے والے حج سیزن کے دوران حجاج کرام کو ہیٹ اسٹروک اور گرمی سے محفوظ رکھنے کے لیے سعودی عرب نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ’ٹھنڈا احرام‘ تیار کر لیا ہے۔ یہ احرام دھوپ کی حرارت کم کرکے جسم کو زیادہ گرم ہونے سے بچانے میں مدد دیتا ہے۔

دنیا بھر سے لاکھوں مسلمان ہر سال حج کے لیے سعودی عرب پہنچتے ہیں، لیکن گزشتہ چند برسوں میں حج موسمِ گرما کے باعث شدید گرمی اور ہیٹ اسٹروک ایک بڑا چیلنج بن گیا تھا۔ دو سال قبل شدید گرمی کے نتیجے میں سینکڑوں حجاج جاں بحق ہوئے تھے۔

سعودی نیوز ایجنسی اقنا کے مطابق، اس احرام کی تیاری میں ایسا خصوصی فائبر استعمال کیا گیا ہے جو دھوپ کی تپش کو منعکس کرتا ہے، جس سے جسم پر گرمی کا اثر کم محسوس ہوتا ہے۔

یہ نیا احرام سعودیہ ایئرلائن کی جانب سے عازمین کو فراہم کیا جائے گا۔ ایئرلائن کے ڈائریکٹر تعلقات عامہ انجینئر عبداللہ الشھرانی نے بتایا کہ ٹھنڈا احرام حجاج و عمرہ زائرین کو گرمی سے محفوظ رکھنے میں مؤثر ثابت ہوگا۔

عبداللہ الشھرانی نے مزید بتایا کہ عازمین کے سفر کو آسان بنانے کے لیے ایئرلائن نے دیگر سہولیات بھی فراہم کی ہیں، جن میں سامان کے بغیر حج کی سہولت شامل ہے، جس کے تحت حجاج کا سامان ان کی رہائش گاہ سے براہِ راست کارگو سیکشن بھیج دیا جاتا ہے۔ علاوہ ازیں، فلائنگ ٹیکسی سروس متعارف کرانے کی بھی کوشش کی جا رہی ہے، تاکہ حجاج ایئرپورٹ سے مکہ یا مدینہ تک تیزی اور آسانی سے پہنچ سکیں۔