97

بالی وڈ لیجنڈ دھرمیندر کی دولت و جائیداد کی مالیت 335 کروڑ بھارتی روپے

بالی وڈ کے لیجنڈری اداکار دھرمیندر کی مجموعی دولت اور اثاثوں کی تفصیلات منظرِ عام پر آگئیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق 89 سالہ فلم اسٹار کی دولت کا تخمینہ تقریباً 335 کروڑ بھارتی روپے لگایا گیا ہے۔

فلموں پھول اور پتھر، میرا گاؤں میرا دیش، شعلے، خاموشی، جانی غدار اور آنے والی فلم والیا کیس سے شہرت حاصل کرنے والے دھرمیندر نہ صرف فلمی دنیا کے کامیاب ستارے ہیں بلکہ ایک ذہین کاروباری شخصیت بھی ہیں۔

اداکار نے 2015 میں نئی دہلی میں 'گرم دھرم ڈھابہ' کے نام سے ریسٹورینٹ کا آغاز کیا، جبکہ 2022 میں کرنال ہائی وے پر 'ہی مین' ریسٹورینٹ بھی کھولا۔ ممبئی میں اپنے خاندان کے ساتھ رہنے کے باوجود وہ اکثر لونا والا فارم ہاؤس میں وقت گزارتے ہیں، جو 100 ایکڑ پر محیط ہے اور جدید سہولتوں سے آراستہ ہے، جس میں بڑا سوئمنگ پول اور ایکوا تھراپی کی سہولت موجود ہے۔

رپورٹ کے مطابق دھرمیندر کی مہاراشٹرا میں 17 کروڑ روپے سے زیادہ کی جائیدادیں ہیں، ان میں زرعی زمین (88 لاکھ روپے) اور غیر زرعی زمین (52 لاکھ روپے) بھی شامل ہے۔ وہ لونا والا فارم ہاؤس کے قریب ریزورٹ اور ہوٹل کاروبار میں توسیع کے منصوبے پر بھی غور کر رہے ہیں۔

اداکار کی گاڑیوں سے محبت بھی نمایاں ہے۔ ان کے گیراج میں ونٹیج فیاٹ، رینج روور ایووک (85.74 لاکھ روپے) اور مرسڈیز بینز ایس ایل 500 (98.11 لاکھ روپے) جیسی لگژری گاڑیاں موجود ہیں۔ دھرمیندر کی جائیداد اور سرمایہ کاری نہ صرف فلم انڈسٹری بلکہ کاروباری دنیا میں بھی ان کی کامیابی کی عکاسی کرتی ہے۔