ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل نے نجی کمپنی سے 53 کروڑ روپے سے زائد کے فراڈ کے مقدمے کا حتمی چالان ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ جنوبی میں پیش کر دیا۔
چالان میں اداکارہ نادیہ حسین کا نام ملزمان کی فہرست میں شامل نہیں ہے، تاہم ان کے شوہر عاطف محمد خان سمیت چھ افراد ملزمان کے طور پر نامزد کیے گئے ہیں، جن کے خلاف ٹرائل کیا جائے گا۔ ایف آئی اے نے چالان میں کہا ہے کہ ملزمان پر جعلسازی، خیانت اور فراڈ کے الزامات ثابت ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ وفاقی تحقیقاتی ایجنسی نے عاطف محمد خان کو رواں برس مارچ میں نجی بینک میں کروڑوں روپے کے خرد برد کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔ ایف آئی اے کے مطابق، عاطف خان یکم جولائی 2015 کو نجی بینک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مقرر ہوئے اور تعیناتی کے دوران انہوں نے ایک ذاتی کمپنی بھی قائم کی تھی۔ بینک کے گروپ ہیڈ کی جانب سے گزشتہ سال ان کے خلاف مالیاتی خرد برد کی درخواست بھی جمع کرائی گئی تھی۔









