جنوبی کوریا کے ماہرینِ آثارِ قدیمہ نے ایک تاریخی کامیابی حاصل کرتے ہوئے ملک کے مغربی ساحل کی تہہ سے تقریباً 600 برس پرانے بحری کارگو جہاز کے باقیات دریافت کر لی ہیں۔
نیشنل ریسرچ انسٹیٹیوٹ آف میری ٹائم ہیریٹیج کے مطابق ’’ماڈو 4‘‘ نامی یہ جہاز پندرھویں صدی سے تعلق رکھتا ہے اور طویل عرصے کی محنت کے بعد گزشتہ ماہ بہترین حالت میں نکالا گیا۔
یہ پہلا موقع ہے کہ جوسون دور (1392–1910) سے تعلق رکھنے والا کوئی جہاز مکمل طور پر کھدائی کے بعد دریافت کیا گیا ہو۔ ماہرین کے مطابق یہ جہاز اُس زمانے میں سلطنت کے سمندری ٹیکس اور نقل و حمل کے نظام کو سمجھنے کے لیے نہایت قیمتی ثبوت فراہم کرتا ہے۔
یہ تاریخی جہاز 2015 میں زیرِ آب دریافت ہوا تھا، جس کے بعد ماہرین نے برسوں تک اس کے تحفظ اور مطالعے کا سلسلہ جاری رکھا۔
اب تک ماہرین کو اس مقام سے 120 سے زائد نایاب نوادرات بھی مل چکے ہیں جن میں لکڑی کے کارگو ٹیگ، سرکاری چاولوں کے برتن اور دیگر قیمتی اشیاء شامل ہیں۔
تحقیقی ٹیم کا کہنا ہے کہ یہ دریافت نہ صرف کوریا کی سمندری تاریخ پر روشنی ڈالتی ہے بلکہ اُس دور کے تجارتی اور انتظامی نظام کو بھی سمجھنے میں مدد فراہم کرے گی۔









