126

حیران کن کیس: آنکھوں میں خارش کی شکایت پر نکلی 250 زندہ جوئیں

بھارتی ریاست گجرات میں ایک حیران کن طبی واقعہ پیش آیا ہے جہاں 66 سالہ خاتون کی پلکوں سے دو سو پچاس زندہ جوئیں اور پچاسی انڈے نکالے گئے۔ اس غیر معمولی واقعے نے نہ صرف مریضہ بلکہ ڈاکٹروں کو بھی حیرت میں ڈال دیا۔

یہ واقعہ ضلع امریلی کے علاقے ساورکنڈلا کے ایک مقامی اسپتال میں پیش آیا، جہاں خاتون گیتابین آنکھوں میں شدید خارش اور درد کی شکایت کے ساتھ پہنچی تھیں۔ ماہرِ چشم ڈاکٹر مرگانک پٹیل نے معائنے کے دوران خاتون کی پلکوں پر غیر معمولی سرگرمی دیکھی اور باریک معائنے پر معلوم ہوا کہ ان کی پلکوں میں درجنوں زندہ جوئیں موجود ہیں۔

ڈاکٹر مرگانک پٹیل کے مطابق، “تقریباً دو گھنٹے تک یہ عمل جاری رہا۔ مخصوص آلے ‘میکفرسن’ کی مدد سے جوئیں نکالی گئیں۔ چونکہ یہ جوئیں روشنی کے لیے نہایت حساس تھیں، اس لیے عمل کے دوران مسلسل احتیاط برتی گئی اور آنکھوں کو آرام دینے کے لیے ڈراپس کا استعمال کیا گیا۔”

ڈاکٹر نے بتایا کہ اپنے 21 سالہ پیشہ ورانہ کیریئر میں انہوں نے ایسا کیس پہلی بار دیکھا ہے۔ ان کے مطابق، یہ بیماری “Phthiriasis Palpebrarum” کہلاتی ہے جو عام طور پر صفائی کی کمی، آلودہ بستر، تکیوں یا جانوروں کے قریب رہنے کی وجہ سے لاحق ہوتی ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق، اس مرض کی علامات میں پلکوں کی خارش، جلن، سوجن اور سفید ذرات کی موجودگی شامل ہے، جبکہ بعض اوقات انفیکشن بڑھنے سے آنکھوں میں چپکنے والا مواد بھی ظاہر ہوتا ہے۔ اگر بروقت علاج نہ کیا جائے تو یہ بیماری آنکھوں کے اندرونی حصے تک پھیل سکتی ہے۔

خاتون کا علاج مکمل ہونے کے بعد اگلے روز دوبارہ معائنہ کیا گیا تو ان کی آنکھیں مکمل طور پر صاف پائی گئیں، اور وہ کئی ہفتوں کے بعد پہلی مرتبہ سکون سے سو سکیں۔

ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ یہ کیس صفائی، ذاتی حفظانِ صحت اور احتیاطی تدابیر کی اہمیت کو واضح کرتا ہے۔ ماہرین نے عوام سے اپیل کی ہے کہ آنکھوں میں خارش یا جلن کی صورت میں گھریلو علاج کے بجائے فوراً ماہرِ چشم سے رجوع کریں