ضلع باجوڑ کی تحصیل سلیمان خیل میں پاک فوج کی جانب سے علاقے کی سب سے بڑی جامع مسجد کی تعمیر و تزئین کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ مقامی افراد نے اس اقدام پر خوشی اور تشکر کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ فوج نے ایک بار پھر عوام کے دل جیت لیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق یہ مسجد چند سال قبل دہشت گردوں کے حملے میں شدید متاثر ہوئی تھی، جس میں مسجد کی عمارت، دروازے، کھڑکیاں اور سولر سسٹم مکمل طور پر تباہ ہو گئے تھے۔ اب فرنٹیئر کور خیبر پختونخوا نے اس مسجد کی بحالی کا کام مکمل کر کے اسے دوبارہ نمازیوں کے لیے کھول دیا ہے۔
بحالی کے دوران مسجد میں نئی قالین بچھائی گئی، انورٹرز، پنکھے اور نیا سولر سسٹم نصب کیا گیا۔ مسجد کی دیواروں اور داخلی راستوں کو بھی مکمل طور پر تزئین و آرائش کے بعد بہتر حالت میں لایا گیا ہے۔
مقامی رہائشیوں کا کہنا ہے کہ یہ مسجد علاقے کی ایک تاریخی اور مرکزی عبادت گاہ ہے، جو فتنۃ الخوارج کے حملوں سے بری طرح متاثر ہوئی تھی۔ “پاک فوج نے نہ صرف مسجد کو دوبارہ تعمیر کیا بلکہ ہمارے دلوں کو بھی امید دی ہے،” ایک بزرگ شہری نے بتایا۔
اہلِ علاقہ نے کہا کہ مسجد کی بحالی سے علاقے میں نہ صرف عبادت کا ماحول بحال ہوا ہے بلکہ امن و استحکام کا پیغام بھی مضبوط ہوا ہے۔ عوام نے پاک فوج اور فرنٹیئر کور کے اس اقدام کو "قابلِ فخر خدمت" قرار دیا ہے۔









