96

پاکستان میں ذیابیطس کے مریضوں کی تعداد 3۔5 کروڑ، دنیا میں پہلے نمبر پر

پاکستان ذیابیطس کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ کے بعد دنیا بھر میں پہلے نمبر پر پہنچ گیا ہے، جہاں تقریباً 3.5 کروڑ افراد اس مرض کا شکار ہیں۔

اس سلسلے میں فیصل آباد میں تیسری ذیابیطس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جسے پاکستان سوسائٹی آف میڈیسن کے زیرِ اہتمام منعقد کیا گیا۔ کانفرنس میں طبی ماہرین نے کہا کہ پاکستان میں ذیابیطس کے مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد انتہائی تشویشناک ہے اور عوام میں اس بارے میں آگاہی بڑھانا ناگزیر ہے۔

ڈاکٹرز نے نشاندہی کی کہ اسپتالوں کا رُخ کرنے والے تقریباً 50 فیصد مریضوں میں ذیابیطس یا اس کی پیچیدگیوں کی تشخیص کی جا رہی ہے، چاہے وہ پرائیویٹ ہسپتال ہوں یا سرکاری۔ ماہرین نے کہا کہ غیر میعاری غذائیں اور غلط طرزِ زندگی نوجوانوں اور بچوں میں بھی ذیابیطس کے بڑھتے خطرے کی بنیادی وجہ ہیں۔

کانفرنس میں شرکاء کو مشورہ دیا گیا کہ مناسب غذائیت، ورزش، اور وقت پر طبی معائنہ کے ذریعے ذیابیطس سے بچاؤ ممکن ہے اور عوام کو اس بارے میں آگاہ کرنے کے لیے مہمات چلائی جائیں۔

ڈاکٹرز نے خاص طور پر خبردار کیا کہ بعض غذائیں، جیسے پنیر، ٹائپ 2 ذیابیطس کے خطرے کو بڑھا سکتی ہیں، اس لیے خوراک کے انتخاب میں احتیاط ضروری ہے۔