52

ملائیشیا کے قریب تین کشتیوں کے حادثے میں 300 سے زائد تارکین وطن لاپتہ

ملائیشیا اور تھائی لینڈ کی سرحد کے قریب پیش آنے والے ایک افسوسناک حادثے میں تین کشتیوں کے ڈوبنے سے 300 سے زائد تارکینِ وطن لاپتہ ہوگئے، جبکہ 10 افراد کو زندہ بچالیا گیا اور ایک شخص کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے۔

بین الاقوامی خبر ایجنسی کے مطابق ملائیشین میری ٹائم اتھارٹی نے بتایا کہ واقعہ تین روز قبل پیش آیا جب متعدد کشتیوں نے غیر قانونی طور پر ملائیشیا میں داخل ہونے کی کوشش کی۔ کشتیوں میں میانمار، روہنگیا اور بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے افراد سوار تھے۔

رپورٹس کے مطابق تقریباً 300 سے زائد افراد ایک بڑے جہاز میں سوار تھے جنہیں بعد میں تین چھوٹی کشتیوں میں تقسیم کیا گیا — ہر کشتی میں تقریباً 100 افراد موجود تھے۔ ان میں سے دو کشتیوں کے لاپتہ ہونے اور ایک کے ڈوبنے کی تصدیق کی گئی ہے۔

حکام کے مطابق ریسکیو آپریشن جاری ہے اور بحری و فضائی ٹیمیں لاپتہ افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ یہ کشتیوں انسانی اسمگلنگ کے نیٹ ورک کے تحت روانہ کی گئی تھیں جو غیر قانونی طور پر مسافروں کو خطرناک راستوں سے گزار کر زندگیوں کو داؤ پر لگاتے ہیں۔

حکام نے اس واقعے کو انسانی بحران کی سنگین مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کڑی کارروائی کی جائے گی۔