83

چھ سال بعد قسمت کی جیت، امریکی خاتون نے ڈیڑھ لاکھ ڈالر کی لاٹری جیت لی

امریکی ریاست شمالی کیرولائنا کے علاقے ہوپ ملز سے تعلق رکھنے والی باربرا منفورڈ نامی خاتون نے چھ برس تک ایک ہی نمبروں کا سیٹ استعمال کرنے کے بعد بالآخر ڈیڑھ لاکھ ڈالر سے زائد مالیت کی لاٹری جیت لی۔

باربرا منفورڈ کے مطابق، انہوں نے چھ سال قبل کیش 5 لاٹری کے لیے نمبروں کا ایک سیٹ منتخب کیا تھا اور تب سے وہ انہی نمبروں کے ساتھ اپنی قسمت آزماتی آرہی تھیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ان کی بہن نے انہیں مشورہ دیا تھا کہ وہ انہی نمبروں کے ساتھ لاٹری کھیلتی رہیں، کیونکہ ایک دن قسمت ضرور ان پر مہربان ہوگی — اور یہ پیش گوئی رواں ہفتے درست ثابت ہوئی۔

رپورٹس کے مطابق، باربرا منفورڈ نے پیر کے روز ہونے والی قرعہ اندازی میں 1 لاکھ 54 ہزار 168 امریکی ڈالر (تقریباً 4 کروڑ 35 لاکھ پاکستانی روپے) کا انعام جیت لیا۔

باربرا نے انعامی رقم حاصل کرنے کے بعد اپنی بہن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہی ان کی حوصلہ افزائی کا سبب بنی تھیں۔