انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ویمنز کرکٹ کے ایونٹس میں اہم توسیعی فیصلے کیے ہیں۔ آئی سی سی نے اعلان کیا ہے کہ 2029 کے ویمنز ورلڈ کپ میں ٹیموں کی تعداد آٹھ سے بڑھا کر دس کر دی جائے گی۔ اس کے ساتھ ایونٹ میں کل 48 میچز کھیلے جائیں گے۔
یہ فیصلہ خواتین کے کھیل میں مزید توسیع اور عالمی سطح پر مقابلہ بڑھانے کے لیے کیا گیا ہے۔ آئی سی سی نے 2021 میں خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اس توسیع کا پہلا اعلان کیا تھا اور اب اس کی تصدیق کر دی گئی ہے۔
اسی طرح، اگلے سال ہونے والے ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھی ٹیموں کی تعداد بڑھا کر 12 کر دی جائے گی، جبکہ گزشتہ ایڈیشن میں 10 ٹیمیں شریک تھیں۔
آئی سی سی کا مقصد خواتین کے کھیل کو مزید فروغ دینا اور عالمی سطح پر زیادہ مواقع فراہم کرنا ہے۔









