77

کرک میں کالعدم تنظیم کا خطرناک کمانڈر ہلاک، سکیورٹی فورسز کے مشترکہ آپریشن میں کامیابی

کرک میں سکیورٹی فورسز کے ایک مشترکہ ٹارگٹڈ آپریشن میں کالعدم تنظیم کا انتہائی مطلوب کمانڈر ہلاک ہو گیا۔

ذرائع کے مطابق سی ٹی ڈی خیبرپختونخوا، ضلعی پولیس اور سویلین انٹیلیجنس ادارے نے کرک کے علاقے امبیری کلہ میں آپریشن کیا، جو تقریباً 4 گھنٹے تک جاری رہا۔ اس دوران فتنۃ الخوارج کا خطرناک کمانڈر نثار حکیم ہلاک ہوا، جبکہ آپریشن کے دوران 4 پولیس اہلکار معمولی زخمی ہوئے۔

ہلاک دہشتگرد کمانڈر بین الصوبائی دہشتگردی کی سرگرمیوں میں ملوث تھا اور اس کے قبضے سے اسلحہ اور ایمونیشن برآمد ہوئی ہے۔

آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے سی ٹی ڈی، کرک پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو کامیاب آپریشن پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ “اپنی جان جوکھوں میں ڈال کر دہشتگردوں کے عزائم خاک میں ملانے والے دلیر سپوت قابل فخر ہیں۔”

انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس کے جوان عوام کے جان و مال کے تحفظ اور وطن میں امن قائم رکھنے کے لیے دہشتگردی کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ثابت ہو رہے ہیں۔