71

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی، 100 انڈیکس دوبارہ ایک لاکھ 60 ہزار کی حد عبور کر گیا — ڈالر کی قدر میں معمولی کمی

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کے دوران زبردست تیزی دیکھی گئی، جس کے نتیجے میں 100 انڈیکس ایک مرتبہ پھر ایک لاکھ 60 ہزار کی نفسیاتی حد عبور کر گیا۔

کاروباری ہفتے کے چوتھے روز جمعرات کو کاروبار کے آغاز پر ہی مثبت رجحان دیکھا گیا اور 100 انڈیکس میں 793 پوائنٹس کا اضافہ ہوا، جس سے انڈیکس 160,371 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔

گزشتہ روز بدھ کو ابتدائی سیشن میں بھی مارکیٹ مثبت رہی تھی، تاہم کاروبار کے اختتام تک سرمایہ کاروں کے منافع کے حصول کے باعث 100 انڈیکس میں 1,703 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔

دوسری جانب زرمبادلہ کی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں معمولی کمی ہوئی ہے۔ ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے مطابق انٹر بینک میں امریکی ڈالر 6 پیسے سستا ہونے کے بعد 280 روپے 80 پیسے میں فروخت ہو رہا ہے۔

ماہرین کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں جاری تیزی سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی، معاشی اشاریوں میں بہتری اور کاروباری ماحول میں استحکام کی عکاسی کرتی ہے۔