106

پڑوسی کے باغ میں گھسنے پر بلی کی مالکہ کو لاکھوں کا جرمانہ

فرانس کے جنوبی شہر ایگڈے (Agde) میں ایک غیر معمولی مقدمے میں عدالت نے ایک خاتون کو اپنی بلی کی حرکتوں پر بھاری جرمانہ عائد کر دیا۔

مقامی میڈیا کے مطابق، ڈومینیک نامی خاتون کی بلی ریمی بارہا اپنے پڑوسی کے باغ میں گھس جاتی تھی، وہاں گندگی کرتی اور گیلے پلستر پر پنجوں کے نشانات چھوڑ دیتی تھی۔ پڑوسی کی جانب سے شکایت درج کرائے جانے کے بعد معاملہ عدالت تک پہنچ گیا۔

عدالت نے سماعت کے بعد فیصلہ دیا کہ بلی کی مالک خاتون ڈومینیک کو 1,250 یورو (تقریباً 1,400 امریکی ڈالر یا 3 لاکھ 93 ہزار پاکستانی روپے) جرمانے کے طور پر ادا کرنے ہوں گے۔

مزید یہ کہ عدالت نے تنبیہ کی کہ اگر بلی دوبارہ پڑوسی کے باغ میں گئی تو مالکہ کو ہر واقعے پر 30 یورو اضافی جرمانہ دینا ہوگا۔

یہ مقدمہ فرانس میں پالتو جانوروں کے آزادانہ گھومنے پھرنے سے متعلق ایک نئی بحث کو جنم دے رہا ہے، کیونکہ بلیوں کو عام طور پر آزادانہ گھومنے کی اجازت دی جاتی ہے۔ تاہم ماہرین کے مطابق، شہری علاقوں میں اس طرح کے تنازعات میں اضافہ ایک نیا رجحان بنتا جا رہا ہے