میٹا نے ایپل واچ کے لیے واٹس ایپ کی نئی ایپ متعارف کروا دی ہے۔ اس واچ او ایس ایپ میں چیٹس، وائس میسجز اور کالز کے نوٹیفکیشنز کی سپورٹ موجود ہوگی۔
واٹس ایپ کی جانب سے یہ اعلان ایک بلاگ پوسٹ کے ذریعے کیا گیا۔ نئی ایپ صارفین کو واٹس ایپ استعمال کرنے کی سہولت فراہم کرے گی اور اب انہیں میسجنگ کے لیے ہمیشہ آئی فون کی ضرورت نہیں ہوگی۔
اس سے قبل ایپل واچ میں واٹس ایپ چیٹس کا جواب صرف تب دیا جا سکتا تھا جب صارف کو کسی میسج کا نوٹیفکیشن موصول ہوتا۔ مگر نئی واچ او ایس ایپ کے ذریعے صارفین میسجز بھیجنے، موصول کرنے اور اپنی چیٹ ہسٹری تک ہر وقت رسائی حاصل کر سکیں گے۔
واٹس ایپ کے مطابق نئی ایپل واچ ایپ میں امیجز اور اسٹیکرز کی سپورٹ بھی موجود ہوگی، اور صارفین کے تمام میسجز اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کے ذریعے محفوظ رہیں گے۔
یہ ایپ ایپل واچ سیریز 4 اور اس کے بعد کے ماڈلز کے لیے دستیاب ہوگی۔ میٹا نے یہ بھی بتایا کہ اس نئے ورژن کو استعمال کرنے کے لیے ایپل واچ کو پہلے آئی فون سے منسلک کرنا ضروری ہوگا، اور اگر آئی فون آف ہو تو ایپل واچ پر واٹس ایپ کا استعمال ممکن نہیں ہوگا۔
اینڈرائیڈ اسمارٹ واچز کے لیے واٹس ایپ 2023 سے دستیاب ہے، لیکن اب ایپل صارفین کے لیے بھی یہ سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔








