108

اوورسیز پاکستانیوں کے لیے گاڑی رجسٹریشن اور ٹرانسفر اب صرف ایک ایپ کے ذریعے

اسلام آباد ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے ایک شاندار ڈیجیٹل سہولت متعارف کرائی ہے جس سے اب وہ دنیا کے کسی بھی کونے سے پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے اپنی گاڑی کی رجسٹریشن اور ٹرانسفر کا مکمل عمل انجام دے سکیں گے۔
ڈائریکٹر ایکسائز بلال اعظم کے مطابق اس انقلابی قدم سے اوورسیز پاکستانیوں کو پاکستانی سفارتخانوں کے چکر لگانے یا وکالت نامہ بھیجنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ اب صرف پاک آئی ڈی ایپ ڈاؤن لوڈ کریں، اپنی بائیومیٹرکس تصدیق مکمل کریں اور گاڑی کی ٹرانسفر بآسانی مکمل کریں۔ بلال اعظم نے کہا کہ ایپ کے ذریعے بائیومیٹرکس، شناخت کے ثبوت کے طور پر استعمال ہوگی اور علیحدہ ٹرانسفر آرڈر فارم کی ضرورت نہیں رہے گی۔
تاہم، انہوں نے بیچنے اور خریدنے والے دونوں سے کہا کہ قانونی تقاضوں کے مطابق اپنے دستخط شدہ ٹرانسفر لیٹر لازمی مکمل کریں۔ یہ جدید قدم حکومتِ پاکستان کی ڈیجیٹلائزیشن پالیسی کی ایک بڑی کامیابی ہے جو اوورسیز پاکستانیوں کو اپنے وطن کے ساتھ پہلے سے زیادہ جڑے رہنے کا موقع فراہم کرتی ہے۔