117

ڈینگی بے قابو! راولپنڈی میں 24 گھنٹوں کے دوران مزید 19 کیس

راولپنڈی میں موسم کی تبدیلی کے باوجود ڈینگی وائرس کے حملے جاری ہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 19 نئے مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی راولپنڈی کے مطابق اس وقت شہر کے مختلف سرکاری و نجی اسپتالوں میں ڈینگی کے 28 مریض زیرِ علاج ہیں، تاہم خوش آئند بات یہ ہے کہ اب تک ڈینگی سے کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی۔

سال 2025 کے دوران اب تک 20 ہزار 798 افراد کے ڈینگی ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 1561 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔

محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق، جنوری سے اب تک 61 لاکھ 96 ہزار 497 گھروں کی چیکنگ کی گئی، جن میں سے دو لاکھ 936 گھروں میں ڈینگی لاروا کی موجودگی پائی گئی۔ اسی طرح 17 لاکھ 81 ہزار 469 مقامات کی جانچ کے دوران 27 ہزار 858 مقامات پر لاروا برآمد ہوا۔

محکمہ کے مطابق رواں سیزن کے دوران دو لاکھ 28 ہزار 794 لاروا تلف کیا گیا۔ اس کے علاوہ ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 4736 ایف آئی آرز درج کی گئیں، 1909 مقامات سیل، 3664 چالان اور 1 کروڑ 13 لاکھ 44 ہزار 7 روپے جرمانے عائد کیے گئے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق ڈینگی پر قابو پانے کے لیے گھروں، دفاتر اور کھلی جگہوں پر روزانہ بنیادوں پر سرویلنس اور لاروا تلفی کا عمل جاری ہے۔

Human News کے مطابق شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ گھروں میں پانی جمع نہ ہونے دیں اور ڈینگی سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔