91

22 سال کی عمر میں! تین دوست دنیا کے کم عمر ترین ارب پتی بن گئے

آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی سے متعلق ایک کمپنی کے تین شریک بانی محض 22 سال کی عمر میں دنیا کے کم عمر ترین سیلف میڈ ارب پتی بن گئے ہیں۔

برینڈن فوڈی، آدرش ہیرمیت اور سوریا مدھیہ نے تعلیم کے دوران دوستی قائم کی اور بعد میں امریکی شہر سان فرانسسکو میں Mercor نامی اے آئی ریکروٹنگ کمپنی کی بنیاد رکھی۔

کمپنی میں حال ہی میں 35 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کے بعد اس کی مجموعی مالیت 10 ارب ڈالر تک جا پہنچی، جس نے تینوں بانیوں کو ارب پتی بنا دیا۔

برینڈن فوڈی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو، آدرش ہیرمیت چیف ٹیکنالوجی آفیسر اور سوریا مدھیہ بورڈ چیئرمین کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

دلچسپ امر یہ ہے کہ آدرش ہیرمیت اور سوریا مدھیہ سان فرانسسکو کے Bellarmine College Preparatory میں ایک دوسرے سے ملے تھے، جہاں وہ تقریری مقابلے جیتنے کے باعث مشہور ہوئے۔

سوریا مدھیہ کے والدین بھارت سے امریکا ہجرت کر کے گئے تھے، جب کہ آدرش ہیرمیت تعلیم کے حصول کے لیے بھارت سے امریکا منتقل ہوئے اور وہیں مستقل رہائش اختیار کر لی۔

آدرش ہیرمیت نے فوربز کو بتایا کہ، “اگر میں اپنی کمپنی کے لیے کام نہ کرتا تو ابھی چند ماہ پہلے ہی ڈگری حاصل کی ہوتی، میری زندگی بہت کم عرصے میں مکمل طور پر بدل گئی ہے۔”

تینوں دوستوں نے اپنی تعلیم ادھوری چھوڑ کر کمپنی پر توجہ دینے کا فیصلہ کیا، جس کے لیے انہیں ارب پتی سرمایہ کار Peter Thiel کی فیلوشپ بھی ملی۔

یاد رہے کہ چند ہفتے قبل Polymarket کے 27 سالہ بانی Shayne Coplan کو دنیا کا کم عمر ترین سیلف میڈ ارب پتی قرار دیا گیا تھا، جب کہ اس سے قبل یہ اعزاز Scan AI کے بانی الیگزینڈر وانگ کے پاس تھا۔