امریکا میں مائیکروسافٹ کے ونڈوز سرور اپ ڈیٹ سروس (WSUS) میں سیکیورٹی کی سنگین خامی کے باعث 50 سے زائد سرکاری اور نجی ادارے سائبر حملوں کا نشانہ بن گئے۔ ماہرین کے مطابق ہیکرز نے سسٹم کی کمزوری کا فائدہ اٹھاتے ہوئے حساس معلومات تک غیر قانونی رسائی حاصل کر لی۔
سائبر سیکیورٹی ڈائیو کی رپورٹ کے مطابق متاثرہ اداروں میں ٹیکنالوجی کمپنیاں، تعلیمی ادارے، صحت سے متعلق تنظیمیں اور صنعتی شعبے شامل ہیں۔ ابتدائی تحقیقات سے پتا چلا ہے کہ حملہ آوروں نے پہلے مختلف اداروں کے نیٹ ورک کی نگرانی کی، معلومات اکٹھی کیں اور بعد میں حملے کی منصوبہ بندی کی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس خامی کے ذریعے ہیکرز سرور میں اپنا کوڈ داخل کر کے سسٹم کو کنٹرول کر سکتے ہیں، جس سے ڈیٹا چوری یا نیٹ ورک کے متاثر ہونے کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔
سائبر سیکیورٹی ماہرین نے تمام اداروں کو فوری طور پر ونڈوز سرور کا تازہ ترین اپ ڈیٹ انسٹال کرنے، حساس پورٹس بند کرنے اور سسٹمز کی مکمل جانچ کا مشورہ دیا ہے۔
واضح رہے کہ مائیکروسافٹ اور امریکی سائبر سیکیورٹی ایجنسی نے خبردار کیا ہے کہ اگر اداروں نے بروقت سیکیورٹی اپ ڈیٹ نہ کیے تو وہ مستقبل میں بڑے پیمانے پر ہونے والے سائبر حملوں کا آسان ہدف بن سکتے ہیں۔








