برطانیہ کے علاقے ہیمپشائر سے تعلق رکھنے والے جڑواں بھائیوں نے 1278 کلوگرام وزنی دیو ہیکل کدو اُگا کر عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔
آئن اور اسٹورٹ پیٹن نامی یہ جڑواں بھائی گزشتہ پچاس برس سے زائد عرصے سے کدو اُگا رہے ہیں۔ دونوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے بچپن سے ہی اس شوق کا آغاز کیا تھا، اور بالآخر 64 برس کی عمر میں اُن کی محنت رنگ لے آئی۔
گینیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق یہ کدو نہ صرف وزن کے لحاظ سے سب سے بھاری قرار پایا بلکہ 21 فٹ 3.8 انچ لمبا ہو کر سائز کے اعتبار سے بھی دنیا کا سب سے بڑا کدو بن گیا۔
کدو کا وزن انگلینڈ کے علاقے ریڈنگ کے قریب ایک مقام پر کیا گیا، جہاں جڑواں بھائی مقابلے میں شرکت کے لیے تقریباً دو گھنٹے کا سفر طے کر کے پہنچے۔
دونوں کا کہنا تھا کہ جب ہم نے طویل سفر کے بعد دیکھا کہ ہمارا کدو مکمل سلامت ہے، تو ہمیں بےحد اطمینان ہوا۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ کامیابی اُن کی زندگی کی سب سے بڑی خوشی ہے۔









