177

فلو بھی ہارٹ اٹیک کا سبب بن سکتا ہے، نئی تحقیق

حالیہ ایک طبی تحقیق میں انکشاف کیا گیا ہے کہ عام وائرل انفیکشنز جیسے فلو، زکام اور کورونا وائرس نہ صرف جسم کو متاثر کرتے ہیں بلکہ یہ دل کے امراض کے خطرے کو بھی بڑھا سکتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق جب جسم کسی وائرس سے لڑ رہا ہوتا ہے تو مدافعتی نظام متحرک ہو جاتا ہے جس سے جسم میں سوزش پیدا ہوتی ہے۔ یہی سوزش خون کی نالیوں کی دیواروں کو نقصان پہنچا کر ان میں چکنائی جمنے کے عمل (Atherosclerosis) کو تیز کرتی ہے۔

تحقیق میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ بعض وائرل انفیکشنز خون کو گاڑھا کر دیتے ہیں، جس سے خون میں لوتھڑے بننے اور دل کی نالیاں بند ہونے کا امکان بڑھ جاتا ہے۔ اس کے علاوہ وائرس کی وجہ سے سانس کی بیماریاں ہونے پر جسم میں آکسیجن کی کمی پیدا ہوتی ہے، جس سے دل پر مزید دباؤ بڑھتا ہے۔

ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ فلو اور دیگر وائرل امراض کو معمولی نہ سمجھا جائے، کیونکہ یہ دل کے پٹھوں کو بھی متاثر کر سکتے ہیں، جو بعد ازاں ہارٹ اٹیک یا دیگر سنگین پیچیدگیوں کا باعث بن سکتے ہیں۔