144

تین سال سے زیادہ پرانی استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمد پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ

اوورسیز پاکستانیوں کے ذریعے تین سال سے زیادہ پرانی استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمد پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

 

 یہ اقدام اس سہولت کے غلط استعمال اور ہنڈی و حوالہ کے غیرقانونی لین دین کو روکنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔

یہ فیصلہ وزیر تجارت جام کمال خان کی صدارت میں ہونے والے بین الوزارتی اجلاس میں کیا گیا، جس میں طے پایا کہ موجودہ ذاتی سامان، منتقلیِ رہائش اور تحفہ اسکیم صرف ان پاکستانیوں تک محدود رہے جو واقعی بیرون ملک رہائش پذیر ہوں۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ درآمد شدہ گاڑی کا اوورسیز پاکستانی کے نام پر اس کی رہائش کے ملک سے روانگی سے کم از کم چھ ماہ قبل رجسٹر ہونا لازمی ہوگا۔

اجلاس میں وزیرِاعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان کے علاوہ پاکستان آٹوموٹیو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن اور پاکستان ایسوسی ایشن آف آٹو پارٹس اینڈ ایکسیسریز مینوفیکچررز کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔

آٹو انڈسٹری کی نمائندہ تنظیم نے تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمد مقامی آٹو پارٹس کی طلب میں کمی کا سبب بنتی ہے اور وزیر تجارت سے درخواست کی کہ ایسے اقدامات کیے جائیں جو استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمد کی حوصلہ شکنی کریں۔

ترمیم شدہ سمری کی منظوری کے لیے اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کو بھیجی جائے گی۔