ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم ٹک ٹاک نے اپنے سبسکرپشن ماڈل میں اہم تبدیلی کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت تخلیق کار اب سبسکرپشنز سے حاصل ہونے والی آمدنی کا 90 فیصد حصہ حاصل کر سکیں گے۔
امریکا میں منعقدہ ایک کانفرنس کے دوران کمپنی کے نمائندوں نے بتایا کہ پہلے صارفین کو 70 فیصد حصہ دیا جاتا تھا، تاہم اب اس میں 20 فیصد اضافہ کیا جا رہا ہے تاکہ تخلیق کاروں کو مزید مالی سہولت فراہم کی جا سکے۔
ٹک ٹاک کے مطابق اس نئے ماڈل سے تخلیق کار نہ صرف زیادہ آمدنی حاصل کر سکیں گے بلکہ اپنی آن لائن کمیونٹی کو بھی زیادہ مضبوط بنا سکیں گے۔ کمپنی نے کہا ہے کہ "جتنا زیادہ تسلسل سے آپ کام کریں گے، اتنا زیادہ کماسکیں گے۔"
سبسکرپشن پروگرام کے لیے شرائط
اس نئے ماڈل سے فائدہ اٹھانے کے لیے صارفین کو چند شرائط پوری کرنا ہوں گی:
-
کم از کم 10 ہزار فالوورز
-
گزشتہ ماہ ویڈیوز پر ایک لاکھ ویوز
-
گزشتہ ماہ تین یا زائد سبسکرپشن اونلی ویڈیوز پوسٹ کرنا
ٹک ٹاک کے بیان کے مطابق، سبسکرپشن صارفین اپنے پسندیدہ تخلیق کاروں کے لیے ماہانہ فیس ادا کرتے ہیں، جس کے بدلے انہیں خصوصی بیجز، سبسکرائبر اونلی پوسٹس، چیٹ فیچرز اور دیگر خصوصی مواد تک رسائی حاصل ہوتی ہے۔
فی الحال یہ نیا ماڈل امریکا اور کینیڈا میں متعارف کرایا جا رہا ہے، تاہم کمپنی کا کہنا ہے کہ آئندہ چند مہینوں میں اسے دیگر ممالک تک بھی پھیلایا جائے گا۔
بین الاقوامی سطح پر، جہاں فی الحال تخلیق کاروں کو 50 فیصد حصہ دیا جا رہا ہے، وہاں بھی اس تناسب کو 70 فیصد تک بڑھانے کی تیاری کی جا رہی ہے۔








