پاکستان کی معروف گلوکارہ نصیبو لال کے ہاں چھپن سال بعد دوسرے بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے۔ اس خوشخبری کی تصدیق نصیبو لال کے شوہر نوید علی اور بھائی شاہد نے روزنامہ پاکستان کے نمائندہ خصوصی زین بابو سے ٹیلی فونک گفتگو میں کی۔
نصیبو لال کے بھائی شاہد نے گفتگو کے دوران شکر کے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا“الحمدللہ، اللہ کا بے حد شکر ہے کہ ہماری بہن کی جوڑی مکمل ہو گئی ہے، اب وہ دو بیٹوں کی ماں بن گئی ہیں۔”
دوسری جانب نصیبو لال کے شوہر نوید علی نے بتایا کہ زچگی لاہور میں نہیں بلکہ پشاور میں ہوئی ہے، جو ان کا آبائی شہر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ:
“ہم اس وقت اپنے آبائی گھر پشاور میں مقیم ہیں، ایک ماہ مکمل ہونے کے بعد لاہور واپس آئیں گے۔”
نوید علی نے بیٹے کی تصویر بھی شیئر کی اور وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ فی الحال ویڈیو پیغام جاری نہیں کیا جا سکتا کیونکہ نصیبو لال کی میجر سرجری ہوئی ہے اور ان کا بولنا فی الحال کچھ مشکل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جیسے ہی نصیبو لال کی طبیعت بہتر ہوگی، ان کا خصوصی انٹرویو ڈیلی پاکستان پر کیا جائے گا، تاکہ تمام ناظرین کو تفصیل سے آگاہ کیا جا سکے کہ کیا واقعی نصیبو لال کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے یا ان کے بیٹے مکھن کے ہاں۔









